کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ شہر کی قائد کی ترقی کو اولیت دی ہے ،شہر کراچی ہمارا ہے اور یہاں بسنے والے ہر فرد کو سہولت پہنچانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے شہر کراچی کی تعمیر و ترقی اور عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلا نا ہمارا مشن ہے بہت جلد شہر کراچی کی ترقی کے میگا پروجیکٹ دینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ کورنگی سٹی ایریا PS-120 کے سنیئر رہنماء سید امجد علی شاہ کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماء غلام رسول بھی موجود تھے۔
پیپلز پارٹی کے رہنماء سید امجد علی شاہ نے صوبائی وزیر بلدیات کو شاہ فیصل کالونی ،گرین ٹائون ،گولڈن ٹائون ،پنجاب ٹائون اور عظیم پورہ سمیت ملحقہ گوٹھوں میں بنیادی سہولیات کے فقدان کے حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ علاقائی سطح پر فراہمی و نکاسی آب کے مسائل سے عوامی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔
واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی ادارے فنڈز کی عدم دستیابی کا کہہ کر مسائل سے مسلسل چشم پوشی کئے ہوئے ہیں سید امجد علی شاہ نے صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کو بتایا کہ مذکورہ علاقوں میں عرصہ 20 سال سے کسی سڑک کی استر کاری نہیں کی گئی جس کی وجہ سے سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں صوبائی وزیر بلدیات ناصرحسین شاہ نے پیپلز پارٹی شاہ فیصل کالونی کے رہنمائوں کو یقین دلا یا کہ علاقائی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اور بہت جلد میں خود مذکورہ علاقوں علاقوں کا دورہ کرینگے اس موقع پر صوبائی وزیر نے متعلقہ بلدیاتی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی علاقائی سطح پر عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔