کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی نے عام انتخابات کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 160 ٹکٹ جاری، این اے 246 لیاری سے بلاول بھٹو زرداری امیدوار ہونگے۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے عام انتخابات کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری این اے 213 بے نظیر آباد سے امیدوار ہونگے۔ چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو قومی اسمبلی کے حلقے این اے 200 اور 246 سے الیکشن لڑیں گے۔
سابق قائدِ حزب اختلاف خورشید شاہ این اے 206 سکھر سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ فریال تالپر پی ایس 10 لاڑکانہ سے پیپلز پارٹی کی امیدوار ہونگی۔ شرجیل انعام میمن پی ایس 63 حیدر آباد سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ سابق وفاقی وزیر نوید قمر این اے 228 ٹنڈو محمد خان سے الیکشن لڑیں گے جبکہ سابق وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پی ایس 80 سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔
این اے 236 سے جام عبدالکریم جوکھیو، این اے 237 سے عبدالحکیم بلوچ، این اے 238 سے آغا رفیع اللہ، این اے 239 سے سید عمران حیدر عابدی، این اے 240 سے شیخ محمد فیروز، این اے 241 سے معظم علی قریشی، این اے 242 سے اقبال ساند، این اے 244 سے کرنل اسد عالم نیازی اور این اے 243 سے شہلا رضا عمران خان کے مدمقابل امیدوار ہونگی۔
اعلامیہ کے مطابق این اے 245 سے فرخ نیاز تنولی، این اے 247 سے عبدالعزیز میمن، این اے 248 سے عبدالقادر پٹیل، این اے 249 سے قادر خان مندوخیل، این اے 250 سے علی احمد، این اے 251 سے حاجی محمد جمیل ضیاء، این اے 253 سے امجد اللہ خان، این اے 254 سے دانش ترابی، این اے 255 سے ظفر صدیقی اور این اے 256 سے اداکار ساجد حسن بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار ہونگے۔
ادھر پیپلز پارٹی نے این اے 35 اور پی کے 88 کے لیے یاسمین صفدر کو ٹکٹ جاری کر دیے ہیں۔ یاسمین صفدر این اے 35 سے عمران خان اور اکرم درانی کے مدمقابل انتخاب میں حصہ لیں گی۔