لاہور (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔
لاہور میں نیب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ قاسم ضیاء کے حوالے سے کیس سے پوری طرح آگاہ ہیں، جس ادارے میں کرپشن کا الزام عائد کیا گیا ہے اس سے قاسم ضیاء 2008 میں ہی مستعفی ہو چکے تھے اور اب 7 برس بعد اچانک نیب کو ان کی کرپشن یاد آ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قاسم ضیا پر پیپلز پارٹی چھوڑنے کے لئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے لیکن اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے پیپلز پارٹی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، 2008 میں بھی کچھ لوگوں نے اس قسم کی کوشش کی تھی لیکن انہیں جانا پڑا۔
این اے 122 کے حوالے سے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ سردار ایاز صادق کے پاس سپریم کورٹ جانے کا راستہ ابھی باقی ہے، دیکھتے ہیں کہ کیا فیصلہ آتا ہے۔