کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سابق مشاورتی کونسلر بلدیہ عظمیٰ کراچی نور محمد انگریزنے چیئر مین بلاول بھٹو کی جانب شہر کراچی کی ترقی کے لئے دیئے گئے 151ارب روپے کی کراچی ترقیاتی پیکج میں پہلوان گوٹھ چوک تا صفورا گوٹھ چورنگی تک ڈبل شاہراہ کی تعمیر کو شامل کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے پہلوان گوٹھ ،اولڈ ایریا اور بھٹائی آباد کی غریب بستیوں کی عوام کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا ہے ان خیالات کا اظہار نور محمد انگریز نے پہلوان گوٹھ ،اولڈ ایریا اور بھٹائی آباد کا تفصیلی دورہ کرکے علاقہ معززین اور عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر عوام نے شاہراہ کی تعمیر پر پیپلز پارٹی کے رہنماء نور محمد انگریز کی کردار کو سراہتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے عوامی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے شہر کراچی کی ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیا اس موقع پر عوای وفود سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماء نور محمد انگریز نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے شہر کراچی کی ترقی خصوصاً مضافاتی علاقوں کے عوام کے لئے میگا ترقیاتی منصوبوں کو شامل کرنا عوامی دوستی کا ثبوت ہے انہوں نے کہاکہ کراچی پیکج شہر اکراچی کی ترقی اور اس کی روشنیوں کو بحال کرنے میں نیا باب رقم کرے گا۔
اس موقع پر عوام نے سندھ حکومت خصوصاً صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے اپیل کی کہ پہلوان گوٹھ ،اولڈ ایریا اور بھٹائی آباد میں تعمیر و ترقی خصوصاً فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکج اور پہلوان گوٹھ تا صفورا چورنگی شاہراہوں کی لنک روڈ کی تعمیر کو بھی یقینی بنا یا جائے۔