کراچی (جیوڈیسک) صوبائی اسمبلی کے حلقے 114 کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سعید غنی نے 23 ہزار 840 ووٹ لے کر میدان مار لیا ہے۔
پی ایس 114 کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا ہے، جس کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امیدوار کامران ٹیسوری 18 ہزار 106 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے ہیں۔
ن لیگ کے امیدوار علی اکبر گجر 5 ہزار 353 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔تحریک انصاف کے نجیب ہارون 5 ہزار 98 ووٹ حاصل کرسکے۔
پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدوار سعید غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی کامیابی کا اعلان بھی کیا۔
کامیابی کی حتمی خبر آتے ہی محمودآباد میں پیپلز پارٹی کے جیالوں نے جشن منانا شروع کر دیا، اس دوران کارکن پارٹی ترانوں پر رقص کرتے رہے۔