اسلام آباد (جیوڈیسک) کراچی میں جاری آپریشن پر تحفظات کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کا فیصلہ اپوزیشن اتحادی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔ اسلام آباد کے زرداری ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں آصف علی زرداری نے سیاسی رہنماؤں کو کراچی میں رینجرز کی کارروائیوں اور اپنے حالیہ بیان کے پس منظر سے بھی آگاہ کیا۔
آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کے حالیہ بیان اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا۔ ذرائع کے مطابق چودھری شجاعت نے قومی اداروں کے خلاف بیانات سے گریز کا مشورہ بھی دیا۔
مشاورتی اجلاس کے بعد شیریں رحمان اور قمر زمان کائرہ نے میڈیا کو بتایا کہ شرکا نے پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا۔ اپنے خطاب بیان میں آصف زرداری نے سابق آمروں کی بات کی۔
کسی اتحادی کو بیان پر اعتراض نہیں لہذا واپس نہیں لیا جائے گا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کبھی حالات کو خرابی کی طرف نہیں لے کر گئی۔ مفاہمت کی سیاست ہی آصف زرداری کا طرہ امتیاز ہے۔