اٹک (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ملک شاہان حاکمین اٹک میں ہونے والے قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق اٹک میں ملک شاہان پر جنازے سے واپسی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں گولی ان کے سر میں لگی۔
پولیس نے بتایا کہ ملک شاہان کو شدید زخمی حالت میں اٹک سے راولپنڈی منتقل کیا جارہا تھاکہ وہ راستے میں دم توڑ گئے۔
شاہان حاکمین پیپلزپارٹی کے رہنما ملک حاکمین کے صاحبزادے تھے۔
ڈی پی او کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنما کے قتل کی شدید مذمت کی اور ٹوئٹ میں کہا کہ شاہان حاکمین کے قتل کی خبر سن کر انتہائی صدمے کی کیفیت سے دوچار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شاہان اپنے مرحوم والد ملک حاکمین کی طرح ایک دیانت دار اور سرگرم پی پی پی کامریڈ تھے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ شاہان حاکمین کے قتل کے معاملے میں انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں۔