آزاد کشمیر (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی آج میر پور آزاد کشمیر میں سیاسی پاور کا مظاہرہ کرے گی۔ بلاول بھٹو کا قافلہ میرپور کی جانب رواں دواں ہے، ان کا کہنا ہے کہ ظلم کے خلاف سب کو میدان میں آنا ہوگا، جلسے میں میوزک کا تڑکا لگانے ڈی جے بٹ بھی پہنچ گئے۔
میرپور میں پیپلز پارٹی آج سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔ جلسے کی تیاریاں مکمل، بلاول بھٹو کا قافلہ بھی منزل کی جانب رواں دواں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی اسلام آباد سے قافلے کی صورت میں نکلے، اُن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، قافلہ راولپنڈی کے ٹی چوک پہنچا جہاں بلاول بھٹو نے کارکنوں سے خطاب کیا۔
اسلام آباد سے بھی جیالے مختلف ٹولیوں کی شکل میں ڈھول کے تھاپ پر روانہ ہوئے۔ پیپلزپارٹی کی جیالیاں بھی کسی سے پیچھے نہیں، انہوں نے بھی میرپور جانے کی بھرپور تیاری کی۔ خواتین کا کہنا ہے کہ وہ جلسے میں جاکر بلاول کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گی اور ان کی ہمت بڑھائیں گی۔
میرپور میں جلسے کیلئے ڈی جے بٹ بھی اپنے ساؤنڈ سسٹم کے ساتھ جیالوں کا لہو گرمانے پہنچ گئے اور نئے گانے بھی تیار کرلئے۔ میرپور کے جلسہ گاہ میں 80 فٹ لمبا اور 24 فٹ چوڑا سٹیج تیارکیا گیا ہے۔ سٹیڈیم کے چاروں طرف پارٹی چیئرمین کی تصاویر اور بورڈز لگائے گئے ہیں ۔ شہر بھی پارٹی پرچموں سے سجا ہوا ہے۔