پیپلزپارٹی کی متحدہ کو باضابطہ طور پر حکومت میں شمولیت کی دعوت

PPP, MQM

PPP, MQM

کراچی (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ کو باضابطہ طور پر سندھ حکومت میں شمولیت کے لیے دعوت دے دی ہے، حکومت سازی اور دیگر امور کو طے کرنے کیلیے دونوں جماعتوں کے 4,4 ارکان پر مشتمل 8 رکنی کمیٹی قائم کی جائے گی ،جو اس حوالے سے تمام امور کو طے کرے گی۔

انتہائی قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت کے درمیان پس پردہ رابطوں میں انتہائی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ہفتے کو دبئی میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت، عادل صدیقی اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پہلے سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک سے تفصیلی ملاقات کی

اس ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ ،حکومت سازی اور دیگر امور پر تفصیلی مشاورت ہوئی، بعد ازاں دبئی میں ایم کیو ایم کے وفد کی پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے تفصیلی بات چیت ہوئی، جس میں ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کے لیے دعوت دی گئی

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں سندھ میں بلدیاتی نظام، ایم کیو ایم سندھ حکومت میں شمولیت اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد نے کراچی آپریشن کے حوالے سے آصف علی زرداری کو اپنے بعض تحفظات سے آگاہ کیا۔