کراچی (جیوڈیسک) مقامی مساجد میں جماعت اسلامی کی تربیتی نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت پہلے کرپشن کرتی ہے پھر افسران کو بھی اس کے مواقع فراہم کرتی ہے اور ادارے تباہ کرنے کے بعد انہیں فروخت کرنے کا اعلان کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی خزانے سے 375 ارب ڈالر چوری کئے گئے ہیں، تمام اداروں کی مکمل معلومات حاصل کر رہے ہیں۔
سراج الحق نے کرپشن کے خلاف احتجاجی مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ماہ حکومت کی کرپشن عوام کے سامنے لائیں گے۔
سراج الحق نے سندھ حکومت کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے مجرموں کو پکڑنے کے بجائے چھڑانے کا قانون پاس کر کے دنیا کا انوکھا کام کیا ہے۔