پیپلز پارٹی و مسلم لیگ جمہوریت کا تابوت تیار کررہی ہیں‘ ایم آر پی

PPP and PML N

PPP and PML N

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے مرکزی صدر محمد سلیمان راجپوت کے ہمراہ میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ومسلم لیگ (ن) نے بلیم گیم اور باہمی کھینچا تانی سے 90ءکی دہائی والی سیاست کا آغاز کر دیا ہے جس کا نقصان بالآخرجمہوریت اور ملک و قوم کو ہی اٹھانا پڑیگا۔

وزیر داخلہ چودھری نثار نے اپوزیشن لیڈر کے حکومت سے مک مکا کی بات کی ہے تو پیپلز پارٹی کی قیادت کو پارلیمنٹ کے فورم پر ہی اپنا دفاع کرتے ہوئے اس کا جواب دینا چاہیے اور قوم کے نمائندگان کو اپنی پاک دامنی دکھانی چاہیے۔ بصورت دیگر بلیم گیم کی یہ سیاست تلخیاں بڑھا کر ماضی کی طرح جمہوریت کو خراب کرنے پر منتج ہو سکتی ہے۔

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار نے خورشید شاہ کے بارے کہا کہ انہوں نے بھائی کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے میری منتیں کی ہیں تو قمر زمان کائرہ کی بجائے اپوزیشن لیڈر کو اس کا خود جواب دینا چاہیے۔ اگر خورشید شاہ کا دامن صاف ہے تو اس الزام کو مضحکہ خیز قرار دیکر کنی کترانے کی بجائے اپنے بھائی کی ملازمت کا ریکارڈ پیش کر دینا چاہیے تاکہ معاملہ زیادہ طول نہ پکڑے۔ اب دونوں جماعتوں کے مرکزی رہنما ایک دوسرے کے کردار پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں لیکن قیادت اس پر خاموش ہے۔ پیپلز پارٹی کو اب مک مکا کے چکر سے نکل حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہیے۔

خورشید شاہ مسئلے کو طول دینے یا مٹی پاﺅ پالیسی اختیار کرنے کی بجائے الزامات کے جواب دیکر اپنے دامن کو صاف کریں۔ اگر ان الزامات میں صداقت ہے تو اپوزیشن لیڈر مہنگائی میں پستے عوام کو زندہ درگور کرنیوالی حکومتی پالیسیوں پر کیسے تنقید کر کے انہیں پالیسیاں بدلنے پر مجبور کر سکیں گے۔