اسلام آباد(جیوڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کے درمیان سیٹ ایڈ جسٹمنٹ پر ہونیوالے اجلاس میں مشترکہ انتخابی امیدوار میدان میں لانے اور مضبوط قوت کے ساتھ سیاسی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر ہونیوالی ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان آئندہ انتخابی اتحاد اور حلقہ بہ حلقہ سیاسی صورتحال زیر بحث آئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہی نے کہا کہ یہ انتخابی اتحاد ملکی سیاست میں ایک نئے دور کی غمازی کرتا ہے اور یہ اتحاد اس بات کا مظہر ہے کہ ملکی مفاد سیاسی دوستی اور دشمنی سے بالاتر ہے۔
مسلم لیگی رہنماں نے مزید کہا کہ عوامی مفاد کیلئے ہم نے سیاسی مخالفت کو انتخابی اتحاد میں بدل دیا ہے۔ اجلاس میں مسلم لیگ ق کی طرف سے چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالہی، سینیٹر کامل علی آغا، محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیرالدین، مونس الہی، احمد یار ہراج، خسرو بختیار اور ناصر محمود گل نے شرکت کی جبکہ پیپلزپارٹی کے وفد میں منظور وٹو، مخدوم شہاب الدین، نذر محمد گوندل، تنویر اشرف کائرہ، رانا فاروق سعید، حاجی نواز کھوکھر اور حیدر زمان قریشی شامل تھے۔