اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کی سینئر قیادت کا اسلام آباد میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں صدارتی امیدوار رضا ربانی کی حمایت پر اتفاق کیا گیا، کاغذات نامزدگی کل جمع کرائے جائیں گے۔
پارلیمنٹ ہاس میں پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں مخدوم امین فہیم ، خورشید شاہ ، اعتزاز احسن، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ، رضا ربانی اور افراسیاب خٹک سمیت دونوں جماعتوں کی سینئر رہنماشریک ہوئے۔
اجلاس میں صدارتی امیدوار رضا ربانی کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے پر مشاورت کی گئی جبکہ رضا ربانی کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں کی حمایت کیلئے حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔
خورشید شاہ نے اجلاس میں بتایا کہ انہوں نے ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے ہیں، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے اجلاس کو بریفنگ کے دوران صدارتی الیکٹورل کالج میں سیاسی جماعتوں کے ووٹوں کی تفصیلات بھی پیش کیں ۔