حیدرآباد (جیوڈیسک) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ عالمی سامراجی قوتوں کے اشارے پر سندھ کے حکمران تعلیمی ادارے تباہ کرنے میں مگن ہیں ،صوبے میں تعلیم نام کی کوئی چیز نہیں ہے،پیپلز پارٹی سندھ میں تعلیمی انحطاط کی ذمے دار ہے۔
ٹھوس اور موثر تعلیمی پالیسی مرتب نہ کی گئی تو سندھ کے عوام بیس سال پیچھے چلے جائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھی شاگرد تحریک کے مرکزی وفد سے ملاقات کے دوران کیا ،انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں سفارش پر بیورو کریٹس تعینات کیے جاتے ہیں ،یہاں کے حکمرانوں نے جان بوجھ کر عوام کو جاہل رکھا ہوا ہے۔
اسکولوں میں بھینسوں کے باڑے بنے ہوئے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں تعلیم کو بچانے کیلئے کوئی پلان مرتب نہ کیا گیا تو عوام خود تعلیم کے تحفظ کیلئے میدان عمل میں نکلیں گے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ میرٹ پر سندھ کے نوجوانوں کو روزگار دیا جائے، تعلیم کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور کاپی کلچر کا مکمل خاتمہ کیا جائے تاکہ لوگ تعلیمی میدان میں آگے بڑھ سکیں۔