حیدرآباد (جیوڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور مسلم لیگ (ن) کے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ الیکشن میں صرف پنجاب میں نہیں بلکہ سندھ میں بھی بدترین دھاندلی ہوئی ہے، پیپلزپارٹی نے سندھ میں تاریخی دھاندلی کی تھی لیکن سندھ میں ہونے والی دھاندلی پر سب خاموش ہیں، اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کا کہنا تھا کہ عمران خان صرف پنجاب میں دھاندلی کا شور مچارہے ہیں۔
لیکن سندھ میں پنجاب سے زیادہ دھاندلی ہوئی ہے اور اس الیکشن میں پیپلزپارٹی نے 1977ء کے الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا، انہوں نے کہا کہ این اے 229 تھرپارکر پر 28 ہزار بیلٹ پیپرز کی تصدیق کروائی گئی جس میں سے 18 ہزار ووٹ جعلی نکلے۔