کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تینوں سابق وزرائے اعلیٰ سندھ نے پیپلز پارٹی پر بغیر ثبوت بلا جواز تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ غوث علی شاہ، لیاقت جتوئی اور ارباب رحیم کیوں بھول گئے کہ انکے دور حکومت میں امن امان کی کتنی بھیانک صورتحال تھی۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان نے کہا کہ لیاقت جتوئی کے دور میں پیپلز پارٹی کے ایم پی اے اغوا ہوئے، حکیم محمد سعید کا قتل ہوا اور ان کی کارکردگی پر ان کے ہی وزیراعظم نے ان کی حکومت ختم کی، ارباب رحیم کے دور میں شکارپور، لاڑکانہ روڈ سے جج اغوا ہوئے تھے اور بھاری تاوان ادا کرنے کے بعد ان کو رہائی ملی تھی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ غوث علی شاہ کے دور حکومت میں سکھر جیل ٹوٹی، پھانسی کے سزا یافتہ ڈاکو فرار ہوگئے تھے۔ قصبہ کالونی اور سہراب گوٹھ جیسے سانحات اور بشری زیدی کیس بھی ان ہی کے دور میں ہوا جس سے لسانی فسادات کو ہوا ملی۔ ترجمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سب اچھا ہونے کی بات کبھی نہیں کی تاہم ٹارگیٹڈ آپریشن کے بعد صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے۔