پیپلز پارٹی آج کراچی میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی ، تیاریاں مکمل

PPP

PPP

کراچی (جیوڈیسک) بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی میدان میں دھماکہ خیز انٹری کیلئے مزار قائد کے سامنے پیپلزپارٹی کا پنڈال سج گیا ہے۔ سٹیج سے لے کر آمدورفت کے گیٹس تک تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ہر جانب قائدین کی تصاویر استقبالی بینرز اور پارٹی پرچم نظر آرہے ہیں۔

رات گئے تک جیالے اور جیالیاں جلسہ گاہ پہنچتے رہے۔ انہوں نے پارٹی ترانوں پر خوب بھنگڑے ڈالے۔ جلسہ گاہ میں ہزاروں کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ لوگوں کی آمدورفت کے لیے دو گیٹ بنائے گئے ہیں۔ ایک سے وی آئی پیز اور دوسرے سے کارکن پنڈال میں داخل ہوں گے۔

جلسہ گاہ کے اندر بڑی سکرینیں لگا دی گئی ہیں ، جبکہ ہیوی ساؤنڈ سسٹم کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔ جلسے کے دوران پارٹی نغمے بھی گونجیں گے جس کے لیے ڈی جے کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

رات گئے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں خورشید شاہ ، رحمان ملک اور سندھ کے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات دیکھے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ نہ صرف پاکستان کی سیاسی روش میں تبدیلی لائے گا بلکہ ایک تاریخی جلسہ ثابت ہو گا۔