کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر جاوید شیخ اور جنرل سیکریٹری اصغر آرائیں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی متحد اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے 2018ء کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کراچی سمیت پورے ملک سے بھر پور عوامی تائید کے ساتھ کامیاب ہو گی، چیئر مین بلاول بھٹو کی قیادت میں ملک میں عوامی راج قائم ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی شعبہ خواتین شاہ فیصل ٹائون کی جانب سے ڈاکٹر حناء کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے افشین شاہ ،ڈاکٹر حناء نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر اختر بلوچ ،رحمن باجوہ ،جمن پہنور،انجم نذیر ،الماس خان ،کنول عباسی ،کرن خان اور دیگر کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت جبکہ نظامت کے فرائض محمد حنیف نے انجام دیئے پیپلز پارٹی کے نو منتخب عہدیداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیئر مین بلاول بھٹو اور قیادت کے اعتماد پر پورا اُترتے ہوئے ضلع کورنگی میں پیپلز پارٹی کو منظم اور فعال بنا یا جائیگا انہوں نے کارکنان خصوصاً خواتین پر زور دیا کہ وہ پیپلز پارٹی کا پیغام عوام تک پہنچائیں۔