کراچی (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے بے نظیر بھٹو کے یوم ولادت پر عطیہ کیے گئے خون کی 20 ہزار بوتلیں فوج کو عطیہ کردی ہیں، عوام آپریشن ضرب عضب اور فوج کی حمایت کریں۔
جمعے کو سوشل ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹوئیٹ میں بلاول نے کہا کہ پوری قوم متحد ہوکر شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی حمایت کرے اور فوج کا بھرپور ساتھ دے۔ بلاول نے فریال تالپور کے اس بیان کی بھی تائید کی کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنادے گی۔
ادھر پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے کہاکہ وہ بے نظیر بھٹو کے یوم ولادت پر خون کے عطیات دینے والے تمام افراد کی شکرگزار ہیں۔ اس موقع پرعطیہ خون کی 45 ہزار بوتلیں اکٹھی ہوئیں جوملکی تاریخ میں خون کے عطیے کا ریکارڈ ہے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے ترجمان نے کہا کہ خراب خون کی بوتلوں کو انتہائی محفوظ طریقے اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے معیار کے مطابق دفن کردیا گیا۔