کوئٹہ (جیوڈیسک)گستاخانہ خاکوں کے خلاف کوئٹہ شہر میں شٹرڈاون ہڑتال کی گئی جبکہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح احتجاجی ریلیاں بھی نکالی گئی ہیں۔ آل پارٹیز الائینس اور انجمن تاجران کی اپیل پر گستاخانہ خاکوں کے خلاف کوئٹہ شہر میں شٹرڈاون ہڑتال کی گئی، شٹرڈاون کے موقع پر شہر کےاہم کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہیں جبکہ اس موقع پر شہر میں ٹریفک بھی معمول سے کم رہا۔ دوسری جانب احتجاجی ریلیاں مختلف مذہبی اور سیاسی و دیگر جماعتوں کی جانب سے نکالی گئیں۔
اس حوالے سے جماعت الدعوۃ بلوچستان کے زیراہتمام حرمت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم ریلی نکالی گئی جو کہ مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی باچاخان چوک پہنچی جہاں جلسہ منعقد ہوا۔ مارچ میں جماعت الدعوۃ کے کارکنوں کے علاوہ دیگر افراد بھی شریک ہوئے۔
دوسری جانب اہل سنت والجماعت، جماعت اسلامی، جے یو آئی نظریاتی، متحدہ محاذ سمیت مختلف جماعتوں پر مشتمل الائنس کے زیراہتمام تحریک تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ والہ وسلم ریلی ہاکی چوک سے نکالی گئی۔ اسی طرح جے یو آئی فضل الرحمان کےزیراہتمام بھی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیاگیا جبکہ اسی طرح جماعت اہل سنت کےزیراہتمام بھی پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیاگیا۔