اسلام آباد (جیوڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) کے قائم مقام سی ای او احمد نواز کو مستقل طور پر نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نئے سی ای او کی تعیناتی کے لیے جمعرات کو انٹرویو دینے والے امیدواروں میں پرال کے قائم مقام سی ای او احمد نواز بھی شامل تھے۔ ایف بی آرکے سینئر افسر نے انٹرویو دینے والوں میں احمد نواز کے شامل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سی ای او کے عہدے پر تعیناتی کے لیے 28 امیدواروں کے انٹرویو ہوئے ہیں البتہ ابھی کوئی نام فائنل نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر نثار محمد کی سربراہی میں قائم 5رکنی خصوصی پینل نے انٹرویوز لیے، آئندہ ہفتے نئے سی ای او پرال کی تعیناتی کا امکان ہے، ہو سکتا ہے کہ احمد نواز کو ہی سی ای او بنا دیا جائے۔
واضح رہے کہ ایف بی آر میں نئی ٹیم آنے کے بعد سی ای او پرال کا چارج واپس لینے پرسابق ممبر آئی ٹی رخصت پر چلی گئی تھیں جس کے بعد ڈاکٹر اقبال کو ممبر آئی ٹی لگایا گیا۔ ذرائع کے مطابق نئی ٹیم نے پرال کے آئی ٹی سسٹم کی خرابیاں دور کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں جس سے کافی حد تک بہتری آئی ہے تاہم ادارے کا مستقل سربراہ نہ ہونے کے باعث کام کی رفتار سست ہے۔