سندھ (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی پولیس کی جانب سے شہر بھر کی تمام مساجد کو باجماعت نمازوں کی ادائیگی پر پابندی سے متعلق نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔
حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر مساجد میں نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کے حکم کے بعد کراچی پولیس کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پابندی کے حوالے سے شہر بھر کی تمام مساجد کی انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حکومت کے حکم پر عمل درآمد کرانا مساجد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، اگر حکم کی خلاف ورزی کی گئی تو مساجد انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے آج سے 5 اپریل تک مساجد میں نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اس حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ مساجد میں صرف 3 سے 5 افراد نماز ادا کر سکیں گے۔
دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بھی کہا ہے کہ ہر نماز میں چار سے پانچ نمازی ہوں گے، 5 اپریل تک یہ پابندی رہےگی۔
اس سے قبل مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) سندھ کے رہنما علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کیخلاف احتیاطی تدبیر کے طور پر نمازِ جمعہ ، باجماعت نماز اور دیگر مذہبی و سماجی اجتماعات روک دیئے جائیں۔