نماز قرآن ذکر الہی اور دعا !!

Remembrance of Allah

Remembrance of Allah

تحریر : ندیم رحمن ملک
وہ انسان انتہائی خوش نصیب اور کامیاب قرار دیا جائے گا جو اپنے دن کا بیشتر وقت اللہ سبحان و تعالی کو یاد کرتے گزارتا ہے، چاہے وہ نماز پڑھتا ہے، چاہے وہ قرآن کی تلاوت کرتا ہے، یا زبان سے تسبیح اور درُود و سلام پڑھتا ہے، پھر وہ دل سے دعا کرتا ہے، ندامت اور تشکر کے دو چار آنسو بہاتا ہے،وہ خوب سمجھتا ہے کہ اسکی ضروریات، حاجات اور خواہشات بہت زیادہ ہیں اور ان آرزؤں، تمناؤں اور امنگوں کو پورا کرنا انسان کے بس میں نہیں، لہذا وہ اپنے اللہ سے رابطہ کرتا ہے،اسکے آگے اپنی حاجات اور خواہشات پیش کرتا ہے، وہ جانتا ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ہی اسکی مشکل اور اسکی ضروریات پوری کر سکتا ہے۔

ایک مرتبہ حضور کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت ابوذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو فرمایا کہ یعنی تم تلاوت قرآن اور ذکر اللہ کو اپنے اوپر لازم کر لو،کیونکہ اس سے آسمان میں تمھارا تذکرہ ہوگا اور زمین میں تمھارے لیے نور ہوگا اب یہ اللہ کی شانِ کبریائی ہے کہ وہ چاہے تو کسی کی نیکی پر فوراً انعام و اکرام سے نواز دئیے، چاہے تو کسی کے گناہ پر فوراً پکڑ کر لیے، لیکن عموماً دیکھا گیا ہے کہ وہ باری ذات کسی کی نیکی پر نہ تو آسمان سے فوراً مٹھائی اُتارتا ہے اور نہ کسی کے گناہ پر اسے فوراًکوڑے مارتا ہے ، بلکہ اپنی مصلحت کے تحت اسے ڈھیل دیتا ہے اور کسی کے نیک کاموں پر اس کا اجر کسی اور وقت کے لیے اُٹھا رکھتا ہے۔

Dua

Dua

حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بیان ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جو بھی کوئی مسلمان کوئی دعا کرتا ہے جس میں گناہ اور قطع رحمی کا سوال نہ ہو تو اللہ تبارک و تعالیٰ اس دعا کی وجہ سے اس کو تین چیزوں میں سے کوئی ایک چیز عطا فرما دیتے ہیں ، یا تو اسکی دعا اسی دنیا میں قبول فرما لیتے ہیں یا اس کا سوال پورا فرما دیتے ہیں یعنی جو مانگتا ہے وہ دے دیتے ہیں ،یا اسکی دعا کو آخرت کے لیے ذخیرہ رکھ لیتے ہیںیعنی آخرت میں اس دنیا سے بڑھ کے قیمتی انعام و اکرام کی صورت میں عطا کرتے ہیں،یا دعا کرنے والے شخص کواس کی مطلوبہ شئے کے برابر آنے والی کسی بلا مصیبت اور نقصان کو ٹال دیتے ہیں۔ آخرت میں انسان یہ تمنا کرتا پایا جائے گا کہ کاش اسکی کوئی دعا دنیا میں قبول نہ ہوتی تو اچھا تھا تاکہ بدلے میں بڑے بڑے انعامات سے اسے نوازا جاتا، دعا کو آخرت کے لئے ذخیرہ بنا کے رکھ لینا درحقیقت اللہ کی بہت بڑی مہربانی اور بندے سے محبت کا ایک ثبوت ہے۔

لیکن یہ بات طے ہے کہ وہ دیتا اُسی کو ہی ہے جو اس سے سوال کرتا ہے ، جو دُعا میں اسکے سامنے ہاتھ پھیلاتا ہے جو سجدے میں جا کے سَرگوشی میں اپنی حاجات پیش کرتا ہے، جو تہجد میں آنسو بہاتے ہوئے دنیا اور آخرت مانگتا ہے۔ یا پھراُسے بغیر مانگے عطا کرتا ہے جو اپنا بیشتر وقت ذکرِ الہٰی اور یادِالٰہی میں گزار دیتا ہے۔ قرآن شریف میں سورت الاحزاب میں ارشاد ہے کہ اے ایمان والوں تم اللہ کو خوب کثرت سے یاد کرو اور صبح و شام اسکی تسبیح بیان کرتے رہو۔

چونکہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنی عبادت کے لیے پیدا فرمایا ہے لہذا انسان پر لازم ہے کہ اپنے آپ کو عبادت کے ذریعہ بخشوا لئے، اور اللہ تعا لیٰ کی خوشنودی حاصل کرے اور اپنے آپ کو جنت کا حقدار بنا ڈالے، لیکن یہاں ایک بات یاد رہے کہ جنت محض انسان کی ریاضت اور مشقت سے حاصل نہیں ہوگی یہ محض اللہ تبارک و تعالیٰ کی خوشنودی اور اسکی رضامندی سے ملے گی،ہاں البتہ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ جنت انہیں ملے گی جو مومن اور نیکوکاروں کی لائن میں لگے کھڑے ہوں گے،اور اُسی لائن میں کھڑے لوگ ہی جنت میں جانے کے اہل ہوں گے،ہم مسلمان کم از کم اتنا تو کر لیں کہ اس لائن میں کھڑے ہونے کے اہل ہو سکیں۔

پنج وقت نمازِباجماعت اور تلاوت قرآن کے بعد اکثر لوگ دنیاوی امور میں لگ جاتے ہیں، اور اپنے قیمتی وقت کا بیشتر حصہ دنیا داری اور اسکے تقاضوں میں خرچ کر ڈالتے ہیں،ہمارے مسلمان بھائی اور خصوصا نوجوان طبقہ اپنے وقت کا بیشتر استعمال سوشل میڈیا جیسے فیس بک ،ٹوئیٹر ، یو ٹیوب وغیرہ پر گزار دیتا ہے،ایک محتاط اندازہ کے مطابق ہمارے ہاں ایک طالب علم یا نوجوان اگر بلاناغہ سوشل میڈیا استعمال کرتا ہے تو سال میں اس کے دو سے تین مہینے اسی میں خرچ ہو جاتے ہیں، یعنی کہ سال میں سات سو سے آٹھ سو گھنٹے وہ اپنا قیمتی ترین وقت بغیر کسی حاصل وصول کیے گنوا بیٹھتا ہے۔

Worship

Worship

بہت کم اس وقت میں کچھ علم یا کچھ سیکھ پاتے ہیں، اکثریت محض تفریح ، چیٹنگ اور شعر و شاعری کی پوسٹنگ میں ہی اپنا دن رات بیتا دیتے ہیں، یہ کتنا بڑا نقصان ہے اس کا اندازہ آج نہیں لگ سکتا لیکن کل روزِ قیامت انسان حسرت و یاس میں روتا رہے گا لیکن کوئی اسکے آنسو پونچھنے والا نہیں ہوگا، انسان تڑپے گا کہ اے کاش اسے دوبارہ دنیا میں بھیج دیا جائے تاکہ وہ اپنے وقت کا ایک ایک لمحہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی عبادت اور اسکے ذکر میں گزار دیے، ہر وقت درود و سلام پڑھے اور با ر بار ہزاروں لاکھوں بار اپنے خالق و مالک سے دعا کرے تاکہ اسکے درجات بلند اور آخرت میں بیش قیمت انعامات اور اعزازت ملیں لیکن اسکی یہ تڑپ اور فریاد ہرگز نہیں سنی جائے گی۔

اے میرے بھائیو ! زندگی کتنی باقی بچی ہے کسی کو کچھ پتہ نہیں،اس دنیا کو بلآخر ختم ہونا ہے، صور پھونکنے والا فرشتہ ازل سے بغیر آنکھ جھپکائے اللہ کے اشارے کا منتظر ہے ، لہذا عقل مندی اسی میں ہے کہ ہم اپنے معمولاتِ زندگی میں مثبت تبدیلی لائیں، نماز قرآن ، ذکر ِ الٰہی اور دعا کا خصوصی اہتمام کریں ان بابرکت اعمال کو کوئی عام شئے نہ سمجھیں یہ وہ قیمتی اثاثہ اور کامیابی کا راز ہے جس کو اپنانے سے اس دنیا میں بھی خیر و برکت،عزت منزلت اور دلوں کو اطمینان اور قرار ملے گا ، قبر اور اسکی تاریکی اور اس میں سوال جواب، پل صراط،روز محشر اور اس سخت ترین دن جب سورج سر پر ہوگا اور سایہ نام کو نہ ہوگا ۔

اس وقت یہی نماز قرآن ذکر الہی اور دعا انسان کی بخشش اور تمام تکلیف کو دور کر کے خوشی اور گناہوں سے نجات کا باعث بنے گا،اور اگر نماز قرآن ، ذکر ِ الٰہی اور دعا مانگنے میں سُستی اور لاپروائی برتی یا زندگی میںاس کا موقعہ نہ ملا تو یہ ایک عظیم ترین نقصان اور تباہی و بربادی اور خسارے کا باعث بنے گا ،جس کا اگلے جہاں میں کوئی مداوا اور کوئی متبادل طریقہ نہیں جس سے جہنم اور اسکی سزا سے چھوٹ مل سکے۔اللہ تبارک و تعالیٰ ہم سب کو نماز قرآن ، ذکر ِ الٰہی اور دعا مانگتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم سب کو دنیا اور آخرت کی خیر نصیب فرمائے۔آمین۔

Nadeem Rehman Malik

Nadeem Rehman Malik

تحریر : ندیم رحمن ملک -ایم اے ۔سیا سیات- ایم ایس سی۔ماس کمیونیکشن
الشیخ میڈیکل سٹور۔جی ٹی روڈ سنانواں،
تحصیل کوٹ ادو،مظفر گڑھ۔
E.mail : nadeemlovetoall@gmail.com
Cell No # +923017875630
ْْْْْْْْْْْْْْْْْْْْْْْْْْ