گجرات (قیصر قادری) نیک آباد (مراڑیاں شریف) میں نماز عید الاضحی کے عظیم الشان اجتماع میں ہزاروں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ صاحبزادہ پیر محمد عثمان افضل قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے کہ انہوں نے اللہ رب العالمین کی اطاعت میں سب کچھ راہ خدا میں قربان کر دیا۔
ان کی اس عظیم قربانی کو یادگار بنانے کیلئے اللہ تعالیٰ نے ہر صاحب ایمان صاحب استطاعت پر قربانی لازم فرمائی ہے اور قربانی کے ہر بال کے بدلے نیکی کا وعدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ اسلام نے دین کی سربلندی کیلئے زبردست کردار اور اطاعت خداوندی کا شاندار مظاہرہ فرمایا تو انہیں ”خلیل اللہ” کے منصب پر فائز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عید قربان کا مقصد صرف جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی مکمل اطاعت، نیک بندہ بننے کا جذبہ بیدار کرنا، انا پرستی اور نفسانی خواہشات کا خاتمہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید الاضحی صبر، تحمل، برداشت، راواداری کی تلقین کیساتھ ساتھ رب العالمین کی رضا کے حصول کا درس ہے۔ اس موقع پر پیر محمد عثمان افضل قادری نے صحیح مسلم کے حوالہ سے بتایا کہ حبیب خدا حضرت محمد مصطفیۖ کو اپنی امت سے اتنی محبت تھی کہ آپ اپنی قربانی بھی فرماتے تھے اور اپنی امت کی طرف سے بھی قربانی کیا کرتے تھے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمسائیوں، مستحقین، اور غربا کو یاد رکھنے والے اور ان کی خوشیوں کا اہتمام کرنے والے خوش نصب ہیں۔ حج کے حوالہ سے انہوں نے کہ یہ وہ عبادت ہے جس سے بندہ اپنے رب سے مزید تعلق مضبوط کرلیتا ہے اور یہ روحانی غذا اور گناہوں کی بخشش کا ذریعہ ہے۔ اس موقع پر شہداء سانحہ منیٰ کے درجات کی بلندی کیلئے اور لواحقین کے صبر جمیل کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔