پری مون سون کا آغاز، مری، پشاور، کشمیر میں بارش، لاہور سمیت میدانی علاقوں میں گرمی

Monsoon

Monsoon

لاہور (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں پری مون سون کا آغاز ہو گیا جس کے باعث آج ان علاقوں میں گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا ، میدانی علاقے بدستور گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

کشمیر ، مری اور ہزارہ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں پری مون سون بارش کا آغاز ہو گیا ہے۔ پشاور اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ کر موسم کو خوشگوار بنا دیا تاہم وسطی اور جنوبی پنجاب بدستور گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ لاہور میں مطلع صاف ہے اور سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے۔

ملتان ، رحیم یار خان ، فیصل آباد ، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں ۔ اسلام آباد میں ہلکے بادل چھائے ہیں یہاں بارش کا امکان ہے ۔ ٹھنڈی ہوا چلنے کے باعث موسم خوشگوار ہے۔

کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے تاہم اندرون سندھ کے علاقوں میں گرمی برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر ، سرگودھا ، گوجرانوالہ ڈویژن ، مالاکنڈ ، ہزارہ ، پشاور ڈویژن میں پری مون سون بارش کا امکان ہے۔