غزالی پریمئر سکول و کالج طلباء کی تعلیم و تربیت میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈاکٹر عبدالباسط

Karachi

Karachi

کراچی : غزالی پریمئر ہائی سکول اینڈ کالج (جی پی سی ) کے نہم، دہم اور گیارویں جماعت کے طلباء کی بورڈ امتحانات میں شاندار کارکردگی پر تقریب پذیرائی و تقسیم انعامات پنجاب یونیورسٹی کے شیخ زید اسلامک سنٹرہال میں منعقد ہوئی جس میں ڈاکٹر عبدالباسط (صدرلا ہور چیمبر آف کامرس)، اخوت کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب اور معروف شاعر و رائٹر امجد اسلام امجداور میا ں محمد علی(مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب) مہمان خصوصی تھے ۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد طلبہ کی بہتر ین کارکردگی پر انہیں سراہنا اور آئندہ مزید محنت کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔

مقررین نے تعلیمی نتائج پر طلباء کو مبارکباد اور مزید محنت کی تلقین کرتے ہوئے انہیں تعلیم کے حوالے سے اہم ہدایات دیں اور اساتذہ کی محنت کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ والدین سے بڑھ کر بچوں کی تعلیم و تربیت میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں ، لہذا طلباء کے نتائج میں ان کی محنت اور کاوشوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ۔ اس موقع پر ”جی پی سی” کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طرف سے اساتذہ اور طلباء کو غیر معمولی تعلیمی نتائج پر نقد انعامات سے بھی نوازاگیا۔ تفصیلات کے مطابق نہم ، دہم اور گیا رویں جما عت میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم کو 20 ہزار روپے، دوسری پوزیشن پر آنے والے طالبعلم کو 15 ہزار روپے ، تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 10 ہزار روپے جبکہ اے پلس (A+) گریڈ حاصل کرنے والے طلباء کو فی کس 5 ہزار روپے نقد انعام سے نوازا گیا۔ دوسری جانب اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں بھی پندرہ پندرہ ہزار روپے انعام دیا گیا۔