تیاریاں مکمل سندھ بھر میں آج جشن آزادی ملی جذبے سے منایا جائے گا

 Independence Day

Independence Day

سندھ (جیوڈیسک) حیدرآباد سمیت اندرون سندھ پاکستان کا جشن آزادی منانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، سندھ بھر میں آج (جمعرات کو) جشن آزادی جوش وخروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں نے اس دن کی مناسبت سے پروگراموں کو حتمی شکل دیدی ہے دوسری جانب تعلیمی اداروں میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قومی پرچم لہرارہے ہیں اور سرکاری و نجی عمارتوں کو برقی قمقموں اور جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے تمام کیمپسز میں آج قومی پرچم لہرانے کی تقریبات منعقد ہونگی، صبح 8 بجے قومی ترانہ پڑھا جائے گا ، کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلو چ نے ایک اجلاس میں متعلقہ افسران کو جشن آزادی کے موقع پر سکھر میں صفائی ستھرائی اور اسٹریٹ لائٹس کے بہتر انتظامات کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، میرپورخاص میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم آزادی کی پرچم کشائی کی تقریب صبح 8 بجے تھرپارکر جم خانہ کلب میرپور خاص میں ہوگی۔

جس میں کمشنر ساجد جمال ابڑو اور ڈپٹی کمشنر سید مہدی علی شاہ مہمان خصوصی ہونگے،صبح 10بجے ڈسٹرکٹ جیل میرپورخاص میں قیدیوں اور 11 بجے سول اسپتال میرپورخاص میں مریضوں میں پھل تقسیم کئے جائینگے۔سجاول میں ڈپٹی کمشنر سجاول شوکت حسین جوکھیو کی زیر صدارت اجلاس میں جشن آزادی کی تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، مرکزی تقریب گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول سجاول میں منعقد کی جائیگی۔ تلہارشہر کے مختلف اسکولوں میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔خیرپور میں نجی اسکول اور ضلع نتظامیہ کی جانب سےتقریب کا انعقاد کیا گیا، ڈپٹی کمشنر منور علی مٹھانی اور نجی اسکول کی پرنسپل قربان علی منگی نے تقریب میں شرکت کی، بچوں نے ٹیبلوز پیش کیے اور ملی نغمے گائے۔

سانگھڑ میں دیا اسکول آف تھا ٹس کی جا نب سے جشن آزادی ریلی نکالی گئی۔ جھڈو میں بھی پرائیویٹ اسکول یونین کی جانب سے جشن آزادی ریلی نکالی گئی ، یونین کے صدر عمرخان قائم خانی ، محمد حسین، عبدالعزیز میمن، آصف رضا و دیگر کی قیادت میں ہزاروں طلباءنے جشن آزادی ریلی میں جوش وخروش سے شرکت کی۔سکھر میں سردار غلام محمد مہر میڈیکل کالج میں جش آزادی کے سلسلے میں طلباء و طالبات میں تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں طلباء و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی ایم سی میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ابرار شیخ نے کہا کہ ہم سب کو چاہیے کہ یوم آزادی کو جوش و جذبے کےساتھ منائیں۔ جیکب آباد میں بھی جشن آزادی کے موقعے پر مختلف اسکولوں میں تقریبات منعقد کی گئیں جن میں بچوں نے ٹیبلوز پیش کئے اور ملی گیت گائے۔