اسلام آباد(جیوڈیسک) ایوان صدر اسلام آباد میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں وزیر اعظم ، آرمی چیف سمیت اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی ، شہباز شریف نے مزار اقبال پر حاضری دی۔ وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ نے بھی مزار قائد پر حاضری دی۔
ایوان صدر کی تقریب میں وزیر اعظم محمد نواز شریف سمیت مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ پرچم کشائی کی سادہ مگر پر وقار تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی۔
اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ صد مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے مشترکہ طور پر ماسٹ سے بندھی رسی کو کھینچ کر پرچم بلند کیا۔
تقریب میں مسلح افواج کے سربراہان ، وفاقی وزرا ، اعلیٰ فوجی و سول افسر اور اسلام آباد میں متعین دوست ممالک کے سفیر اور ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ پرچم کشائی کے بعد علاقائی لباس میں ملبوس بچوں اور بچیوں نے ملی نغمہ پیش کیا۔
وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دی اور حضوری باغ میں پرچم کشائی کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کا مقصد جمہوریت کو ختم کرنا ہے۔اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا۔
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ چودہ اگست تجدید عہد ، اﷲ تعالی کے حضور سجدہ شکر بجا لانے ، آزادی اور خوابوں کی تعبیر کا دن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لانگ مارچ کا مقصد جمہوریت کو ختم کرنا ہے۔
یوم آزادی کے موقع پر وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ نے بھی مزار قائد پر حاضری دی اور بانی پاکستان قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے مزار قائد پر حاضری دی۔
دونوں رہنماؤں نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ احتجا ج کے ذریعے جمہویت کا خاتمہ ہوا تو اس سے بڑی بدقسمتی نہیں ہوسکتی۔ تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہئے۔