الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے پورے عمل کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی قائم کردی جو سفارشات تیار کرے گی جبکہ آئندہ عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال، اپیلوں کی سماعت اور سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کے لیے مقررہ مدت میں توسیع کی تجاویز زیر غور ہے۔
الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکریٹری شیر افگن نے اسلام آباد میں پلڈاٹ کے زیراہتمام انتخابی اصلاحات پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے پندرہ دنوں سے ایک ماہ تک کی توسیع زیر غور ہے جبکہ اپیلوں کی سماعت کے لیے سات دن کے بجائے پندرہ دن کی تجویز دی جائے گی جبکہ سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کے لیے بائیس دنوں کے بجائے تیس دن دیے جاسکیں گے۔ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد بھی بڑھائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے لیے انتخابی اخراجات کی حد مقرر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کے طریقہ کار پر بھی ضمنی انتخابات کے بعد بھی کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ سیمینار میں مقررین نے کہا کہ حالیہ انتخابات کے تجربات کی روشنی میں آئندہ عام انتخابات کو زیادہ شفاف اور غیرجانبدار بنایا جاسکتا ہے۔ ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صدارتی انتخابات کے لیے الیکٹورل کالج کا مکمل ہونا ضروری نہیں۔