نومنتخب صدر عارف علوی 13ویں صدر کی حیثیت سے آج حلف اٹھائیں گے

Dr. Arif Alvi

Dr. Arif Alvi

اسلام آباد (جیوڈیسک) نومنتخب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج 13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

ترجمان ایوان صدر کے مطابق دوپہر ایک بجے چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی سے حلف لیں گے۔

تقریب حلف برداری میں وزیراعظم پاکستان عمران خان، وفاقی وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔

وفاقی کابینہ کے ارکان، ارکان پارلیمنٹ، ججز اور پاکستان میں متعین سفیر بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عارف علوی 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں بھاری اکثریت میں ووٹ حاصل کر کے ملک کے آئندہ صدر کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے۔

نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی نے زمانہ طالب علمی سے سیاست میں حصہ لینا شروع کیا اور 1996 میں پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھنے والوں میں شامل تھے

پیشے کے اعتبار سے نو منتخب صدر ڈینٹسٹ ہیں جو پہلی بار 2013 کے انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

صدر ممنون حسین کو ایوان صدر میں الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا — فوٹو: پی آئی ڈی
دوسری جانب سبکدوش ہونے والے صدر مملکت ممنون حسین کو مدت صدارت ختم ہونے پر گزشتہ روز الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، سابق صدر نے گارڈ آف آنر کے بعد ایوان صدر کے ملازمین سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور پھر ممنون حسین ایوان صدر سے روانہ ہوئے۔

اس موقع پر صدر ممنون حسین نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ آئین وقانون کی پاسداری اور اچھی حکمرانی میں ہی وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی پوشیدہ ہے۔

ممنون حسین نے کہا کہ وہ عہدہ صدارت چھوڑتے وقت اس بات پر مطمئن ہیں کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اپنے اختیارات اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کیا۔

صدر ممنون حسین نے ایوانِ صدر کے عملے کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے وہ اپنی سرکاری ذمہ داریاں احسن انداز میں پوری کر پائے۔