اسلام آباد: صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان ایک ہفتے کے غیر ملکی دورے پر روانہ ہو گئے۔ ائیر پورٹ پر سیکرٹری صدارتی امور سردار محمد فاروق تبسم ، ایڈیشنل سیکرٹری شازیہ اشرف و سیکرٹریٹ کے دیگر عملے نے انہیں الوداع کیا۔ صدر سردار محمد مسعود خان لندن میں برطانوی ایوان زیریں ، ایوان بالا ، یورپی پارلیمنٹ کے ارکان مختلف تھنک ٹینکس ، غیر سرکاری تنظیموں ، انسانی حقوق کے اداروں ، عالمی میڈیا اور پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس دوران وہ مختلف تقریبات ، کانفرنسوں اور سیمینار سے خطاب بھی کریں گے ۔ صدر آزاد کشمیر اپنی ملاقاتوں اور خطاب میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حقائق بیان کریں گے ۔ اور مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کریں گے ۔ صدر آزاد کشمیر ناروے کا 24 سے 26 اکتوبر تک بھی دو روزہ دورہ کریں گے ۔ جہاں ناروے کے صدر ، سپیکر ، ڈپٹی سپیکر اور نارویجن پارلیمنٹ کے ارکان، ناروے کی پارلیمنٹ کی دفاع اور خارجہ امور کشمیر کے ممبران ناروے پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی ، اوسلو کے میئر نارویجن ، نوبل امن انعام سنٹر کے ڈائریکٹر اور صحافیوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
26 اکتوبر کو صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر پر کل جماعتی پارلیمانی گروپ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے ۔ 27 اکتوبر کو وہ معروف تھنک ٹینکس رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی (روسی) لندن سے خطاب کے علاوہ 10 ڈائوننگ سٹریٹ میں یوم سیاہ کے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کریں گے ۔ لندن میں صدر ریاست بیرونس سعیدہ وارثی ، برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر مارک لائل گرانٹ اور لند ن کے میر صادق خان سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ لیوٹن میں مقامی میئرز ،کونسلروں ، ممبران پارلیمنٹ اور یورپی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔