پیرس (زاہد مصطفی اعوان سے) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کی دعوت پرچھ فروری کو بلجیم کا دورہ کریں گے۔
یورپی ہیڈ کوارٹرز برسلز میں اپنے تین روزہ قیام کے دوران صدر آزاد کشمیر یورپی پارلیمنٹ کے اراکین، یورپی یونین کے اعلی حکام اور عالمی امور کے ماہرین کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر بات چیت کریں گے اور کشمیر کونسل ای یو کے زیراہتمام کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ برسلز میں ایک کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔
’’تنازعہ کشمیر اور بین الاقوامی آراء ‘‘ کے عنوان سے یہ کانفرنس سات فروری کو یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر گروپ کے تعاون سے منعقد ہوگی۔صدر آزادکشمیر کا دورہ بلجیم ایسے وقت ہو رہا ہے کہ پانچ فروری ہر سال کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے۔
کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے بتایا کہ آزادکشمیر کے صدر کا دورہ یورپ اہمیت کاحامل ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ انھوں نے بتایا کہ ہم مسئلہ کشمیر پر سفارتی جدوجہد میں تیزی لانے کی کوشش کررہے ہیں اور صدر آزادکشمیر کا دورہ بھی اسی کوشش کا حصہ ہے۔
علی رضا سید نے بتایا کہ یورپی یونین ایک اہم عالمی ادارہ ہے اور یورپ ایک بااثر بلاک ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ ای یو مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرے تاکہ کشمیریوں کی مشکلات کم ہوں اور مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ ہموار ہو سکے۔
انھوں نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کروائے اور کشمیریوں کوان کا حق خودارادیت دلوانے میں اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔