صدارتی امیدوار کا انتخاب، ن لیگ کی ٹاسک فور س نے مشاورت شروع کر دی

Presidential candidate

Presidential candidate

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد مسلم لیگ ن کی ٹاسک فورس نے صدارتی امیدوار کیلئے سیاسی جماعتوں سے مشاورت شروع کر دی ہے، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے رضاربانی کو مشترکہ امیدوار بنانے کی پیشکش کر دی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے صدارتی امیدوار کیلئے مشاورت کی، انہوں نے سرتاج عزیز،ممنون حسین اور جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی کے ناموں پر رائے مانگی،دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے بتایا کہ خواجہ آصف کو کہا ہے کہ تینوں نام اچھے ہیں لیکن حکومت رضاربانی کے نام پر بھی غور کرے،انہیں مشترکہ امیدوار بھی بنایا جا سکتا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ انہوں نے صدارتی امیدوار کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے شروع کر دیئے ہیں اور تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی اور جماعت اسلامی کے سید منور حسن سے بھی رابطہ کر لیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم اور مولانا فضل الرحمن سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے کریں گے۔