اسلام آباد الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کی فہرست جاری کردی، ملک بھر سے 24 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، 15 امیدواروں کا کوئی تجویز اور تائید کنندہ ہی نہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد میں 9 ، سندھ اور پنجاب میں 7 ، 7 اور خیبر پختونخوا میں ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
بلوچستان میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ صدارتی امیدوار کیلئے سینیٹ قومی یا صوبائی اسمبلی کے ایک ایک رکن کا تجویز اور تائید کنندہ ہونا ضروری ہے جبکہ 15 امیدواروں کا تجویز اور تائید کنندہ کا خانہ خالی ہے، ایک امیدوار نے تجویز کنندہ میں وزیر اعظم نواز شریف اور تائید کنندہ میں صدر آصف زرداری کا نام درج کیا ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 26 جولائی کو اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس فخر الدین جی ابراہیم بطور ریٹرننگ افسر خود کریں گے۔