صدارتی انتخاب میں تنازع، پی پی کا قومی اسمبلی سے واک آوٹ

PPP National Assembly

PPP National Assembly

اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز نے صدارتی انتخاب کے شیڈول میں تبدیلی کے خلاف قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آوٹ کیا،امین فہیم کا کہنا ہے کہ حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کرکے انتخاب کی تاریخ پھر سے 6 اگست کرادے بائیکاٹ ختم کردیں گے۔ پیپلز پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کے اجلاس میں بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہوئے۔ نکتہ اعتراض پر پیپلز پارٹی کے مخدوم امین فہیم نے کہا کہ ن لیگ کی درخواست پر صدارتی انتخابی شیدول فوری تبدیل کردیا گیا جو یک طرفہ افسوس ناک فیصلہ اور پری پول رگنگ کے مترادف ہے۔

پیپلز پارٹی کے ارکان نے اس موقع پر ایوان میں شیم شیم کے نعرے لگائے۔ وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ اس حوالے سے خورشید شاہ سے رابطہ کیا گیا تھا، تب انہوں نے 30 جولائی کی تاریخ پر اعتراض نہیں کیا لیکن بعد میں بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ صدارتی انتخاب کا شیڈول الیکشن کمیشن کی غفلت تھی، تاہم انہوں نے پیپلز پارٹی سے اپنے صدارتی امیدوار کی حمایت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ صدر کے عہدے کو متازع نہ بنایا جائے۔