اسلام آباد (جیوڈیسک) صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 24 جولائی کو جمع کرائے جائیں گے، چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم صدارتی انتخاب کے لیے ریٹرننگ افسر ہوں گے، چاروں صوبوں اور اسلام آباد ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کو پریزائیڈنگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔
صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 24 جولائی کو دن 12 بجے تک وفاقی اور چاروں صوبائی دارلحکومتوں میں پریزائیڈنگ افسران کے پاس جمع کرائے جا سکیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 26 جولائی کو دن 10 بجے اسلام آباد میں کریں گے، امیدوار 29 جولائی کو دن 12 بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے۔
اسی روز دوپہر 1 بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔صدارتی انتخاب کے لیے 6 اگست کو پولنگ پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہو گی، پولنگ کے لیے صبح 10 سے دو پہر 3 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔