اسلام آباد (جیوڈیسک) نواز لیگ کے امیدوار ممنون حسین نے صدارتی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے، پیپلز پارٹی کی جانب سے رضا ربانی کے کاغذات داخل، جسٹس وجیہ تحریک انصاف کے امیدوار، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم صدارتی انتخاب کے لئے سیاسی جماعتوں کے امیدواروں مسلم لیگ نواز کے ممنون حسین صدیقی۔
پیپلز پارٹی کے رضا ربانی نے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔ تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹرعارف علوی نے جسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین احمد کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ مسلم لیگ نواز کے صدارتی امیدوار ممنون حسین صدیقی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ممنوں حسین صدیقی کے ہمراہ مسلم لیگ نواز کے رہنما مشاہد اللہ، بلیغ الرحمن اور نجمہ حمید بھی تھے۔
اقبال ظفر جھگڑا، ممنون حسین صدیقی کے کورنگ کینڈی ڈیٹ ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رضا ربانی بھی اسلام آباد ہائی کورٹ اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے پہنچے۔ کارکنوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔ ان کے ہمراہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک، سینیٹر اعتزاز احسن اور صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر بھی تھے۔
رضا ربانی نے اپنے کاغذات نامزدگی کسی کورنگ کنیڈی ڈیٹ کے بغیر جمع کرائے۔ تحریک انصاف کے امیدوار جسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین احمد کے کاغذات نامزدگی ڈاکٹر عارف علوی نے سندھ ہائیکورٹ رجسٹرار کے دفتر میں جمع کرائے۔ صدارتی منصب کی دوڑ میں محمد اقتدار حیدر، اعجاز احمد دکھی اور اشفاق چوہدری بھی شامل ہیں۔
ان تینوں امیدواروں نے بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ادھر سندھ ہائیکورٹ رجسٹرار کے دفتر سے اب تک صدارتی انتخاب کیلئے پچیس فارم حاصل کئے گئے ہیں۔ دو امیدواروں حاجی خان مشہوری اور ایم ایس رفعت اعوان نے صدارتی الیکشن کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے ہیں۔