لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ صدارتی الیکشن کے شیڈول میں اب تبدیلی ممکن نہیں چیئرمین نیب کے معاملے پر پارٹی سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتی ہے۔ ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ رضا ربانی صدارت کے لیے غیر متنازعہ شخصیت ہیں، نواز شریف کو بھی ان کے نام پر سوچنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر سے بامعنی مشاورت نہ ہوئی تو پیپلز پارٹی عدالت سے رجوع کر سکتی ہے لیکن دسمبر تک سپریم کورٹ کے دروازے پر دستک نہیں دیں گے۔
سپریم کورٹ کا امتحان ہے کہ اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار کے اعتراض پر دیدار حسین شاہ اور فصیح بخاری دو چیئرمین نیب تبدیل کر دیے تھے اب دیکھتے ہیں کہ خورشید شاہ کے اعتراض کا اتنا ہی وزن ملتا ہے یا نہیں ۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں دو ٹیمیں ہیں۔
ایک ٹیم حکومت کرنے کیلئے ہے اور دوسری اپوزیشن میں سر پھٹوانے کے لئے ہوتی ہے۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ نندی پور پاور پروجیکٹ 339 ملین ڈالر کا تھا اب 400 ملین ڈالر سے زیادہ اس پر لاگت نہیں ہونی چاہیے لیکن واپڈا نے کمال مہارت سے 574 ملین ڈالر کی منظوری حاصل کر لی پتہ نہیں اضافی 174 ملین ڈالر کون کھائے گا۔