انقرہ (جیوڈیسک) ترکی کے قدامت پسند صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ نے ملک کے معروف آرٹسٹ کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا جس میں مشہور خواجہ سرا بولنت ارسوئے کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
صدارتی دفتر کی جانب سے جاری ایک تصویر میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ اردوان اور ان کی اہلیہ خواجہ سرا بولنت کے ساتھ ایک ہی میز پر بیٹھے اور محو گفتگو ہیں۔
خواجہ سرا بولنت ارسوئے نے 1980ء کی دہائی میں تبدیلی جنس کیلئے اپنی سرجری کروائی تھی۔ اگرچہ ان کا شمار ترکی کی مشہور شخصیات میں ہوتا ہے تاہم اس کے باوجود انھیں کئی حملوں کا بھی سامان کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز استنبول کی پولیس نے ماہ رمضان میں خواجہ سراؤں کی جانب سے ریلی منعقد کرنے پر ان کے افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
اس ریلی کو ناکام بنانے کیلئے پولیس کی جانب سے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا بھی استعمال کیا گیا تھا۔