اسلام آباد (جیوڈیسک) ایوارڈ تقسیم کرنے کی مرکزی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی صدر مملکت ممنون حسین نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ اور ڈی جی رینجرز پنجاب خان طاہر جاوید کو بھی ہلال امتیاز ملٹری دیا گیا۔ گورنر ہاؤس لاہور میں چھتیس نمایاں شخصیات کو قومی ایوارڈ دیئے گئے۔
تقریب میں اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والی تقریب میں ستائیس شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ دیئے گئے۔ پانچ شخصیات کو ستارہ امتیاز، دس کو تمغہ امتیاز اور بارہ کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی دیا گیا۔
کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ پشاور میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ایک سو چھپن افراد کو اعزازات سے نوازا گیا آرمی پبلک اسکول کے ایک سو بائیس طلبہ اور بیس اسٹاف ممبران کو تمغہ شجاعت دیا گیا۔
چودہ شخصیات کو سول ایوارڈ دیئے گئے۔ گورنر ہاؤس کوئٹہ میں بھی ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی جس میں پندرہ شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔