اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق صدر مملکت ممنون حسین انتقال کر گئے۔
سابق صدر کے بیٹے ارسلان ممنون نے ان کے انتقال کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ سرطان کے مرض میں مبتلا تھے اور دو ہفتوں سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں چند دن قبل ان کی طبعیت بگڑی اور وہ بدھ کی رات خالق حقیقی سے جا ملے۔
ان کا کہنا تھاکہ والد کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور آج کراچی میں خالق حقیقی سے جاملے۔
ممنون حسین کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں ہوتا تھا اور وہ 1999 میں سندھ کے گورنر رہے جبکہ 2013 سے 2018 تک صدر مملکت رہے۔
ممنون حسین 23 دسمبر 1940 کو ہندوستان کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے اور ان کا خاندان 1947 میں ہجرت کر کے پاکستان آیا۔
ممنون حسین نے جامعہ کراچی سے گریجویشن اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) سے ماسٹرز کیا، انہوں نے 60 کی دہائی میں کراچی میں کاروبار کا آغاز کیا اور بعد میں سیاست میں حصہ لیا۔
ممنون حسین کی عمر 81 برس تھی اور انہوں نے سوگواروں میں بیوہ اور تین بیٹے چھوڑے ہیں۔
ممنون حسین کی نماز جنازہ اور تدفین آج کراچی میں ہو گی۔