سعودی ولی عہد کی موریتانوی صدر سے بات چیت، دوطرفہ تعاون کے تین سمجھوتوں پر دستخط

Meeting

Meeting

نواکشوط (جیوڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے موریتانیہ کے صدر محمد ولد عبدالعزیز سے اتوار کو نواکشوط میں ملاقات کی ہے اور انھوں نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

سعودی ولی عہد نے موریتانوی صدر کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا نیک خواہشات کا ایک پیغام پہنچایا ۔میزبان صدر نے بھی اس کے جواب میں خادم الحرمین الشریفین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں لیڈروں کے درمیان ملاقات میں سعودی عرب اور موریتانیہ کے حکام بھی شریک تھے۔انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ کا جائزہ لیا اور خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور موریتانوی صدر کی موجودگی میں سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد العواد نے نواکشوط میں سعودی مملکت کی جانب سے 300 بستروں پر مشتمل شاہ سلمان اسپتال کے قیام کا اعلان کیا۔ اس اسپتال میں شعبہ حادثات ، ایمبولینس ، بیرونی مریضوں کے کلینک ، جراحی ، آنکالوجی مرکز ، امراض قلب ،گردے ،زچہ وبچہ ، لیپروسکوپی ، لیبارٹری ، انتہائی نگہداشت اور ریڈیالوجی کے شعبے اور مرکزی فارمیسی ہوگی۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے موریتانیہ میں سعودی عرب کے تعاون سے تعمیر کردہ شاہ فیصل مسجد کی تزئینِ نو کا بھی حکم دیا ہے۔

شہزادہ محمد بن سلمان اور صدر محمد ولد عبدالعزیز کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے حکام نے دوطرفہ تعاون سے متعلق مفاہمت کی تین یادداشتوں اور سمجھوتوں پر دست خط کیے ہیں۔

ان میں پہلا سمجھوتا دونوں ملکوں کے درمیان دُہرے ٹیکسوں سے بچنے سے متعلق ہے۔دوسرا پانی اور حفظانِ صحت کے شعبے میں تعاون سے متعلق ہے اور تیسرا جنگلی حیات کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے بارے میں ہے۔