اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے سردار مہتاب عباسی کی گورنر خیبر پختونخوا کی حیثیت سے تقرری کی منظوری دے دی۔
انجینئیر شوکت اللہ کی جانب سے گورنر خیبر پختونخوا کی حیثیت سے استعفے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے اس آئینی عہدے پر سردار مہتاب عباسی کو مقرر کرنے کی سمری صدر مملکت کو ارسال کی تھی، جسے صدر ممنون حسین نے منظور کرلیا ہے۔ سردار مہتاب عباسی آج یا کل اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔
واضح رہے کہ مہتاب عباسی وزیر اعظم نواز شریف کے قریب ساتھی سمجھے جاتے ہیں وہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ بھی رہ چکے ہیں۔