اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس اب اکتیس مئی کو طلب کر لیا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی تاریخ بھی ایک بار پھر تبدیل کر دی گئی۔ قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی تاریخ تیسری مرتبہ تبدیل، اہم بیٹھک اب 31 مئی کو ہو گی۔
اجلاس بغیر کارروائی کے ملتوی ہونے کا بھی امکان۔ ترجمان ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس اب اکتیس مئی کی شام پانچ بجے طلب کرلیا ہے جس میں نئے مالی سال کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔
تاہم پارلیمانی روایت کے مطابق جہلم سے ایم این اے اقبال مہدی کے انتقال کے باعث پہلے روز اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہونے کا بھی امکان ہے۔
ترجمان ایوان صدر کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی اب یکم جون کو ہوگا جس سے صدر مملکت خطاب کریں گے جبکہ سینیٹ کا اجلاس اگلے روز دو جون کو طلب کیا گیا ہے۔