واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر براک اوباما نے وائٹ ہاؤس سے خطاب کرتے ہوئے امیگریشن نظام میں اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا اس تبدیلی کا مقصد عام آدمی کے استحصال کا خاتمہ ہے۔ صدر نے کہا امریکا تارکین وطن کا ملک ہے۔
یہاں آج بھی لوگ بہتر مستقبل کے لئے ترک وطن کر کے آتے ہیں لیکن کئی برس سے یہاں رہنے والے وہ لوگ جن کے پاس قانونی دستاویزات نہیں انتہائی مشکل وقت گزار رہے ہیں۔
وہ یہاں کے قوانین کا احترام کرتے ہوئے ٹیکس دینا چاہتے ہیں لیکن نظام سے ڈرتے ہوئے سامنے نہیں آتے۔ صدر اوباما نے کہا میں اس مسئلے کو اپنے اختیار سے جو قانون نے مجھے دیا ہے حل کرتا ہوں۔
امریکا میں مقیم تارکین وطن نے صدر اوباما کی جانب سے ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔ صدر اوباما کے اعلان کے بعد امریکا میں مقیم پاکستانیوں سمیت دیگر تارکین وطن خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل کر آئے۔ اپوزیشن جماعت ریپبلکن کی جانب سے صدر اوباما کے اس فیصلے پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔