وارسا (جیوڈیسک) امریکی صدراوباما نے یورپ میں امریکی فوج کی موجودگی بڑھانے کے ساتھ ساتھ روس پر مزید معاشی پابندیاں لگانے کی دھمکی بھی دی ہے۔
یورپ کے 3 ملکی دورہ کے آغاز پر امریکی صدراوباما نے گزشتہ روزپولینڈ کے دارالحکومت وارسامیں کہا کہ امریکا یورپ میںاپنی فوجی موجودگی بڑھادے گااور اس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ وارسا میں اوباما نے پولستانی صدر برونسلاو کوموروفسکی سے ملاقات کی۔
بعدازاں صدر کو موروفسکی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اوبامانے کہا، میںآج یہاںنیٹو میںامریکا کے یورپی اتحادیوں کی حمایت میںاضافے کے لیے ایک نئی حکمت عملی کااعلان کررہا ہوں۔ انھوںنے کہاکہ امریکی کانگریس کی حمایت سے اس حکمت عملی کے ذریعے یورپ میںامریکی عسکری سازوسامان میںاضافہ کیا جائے گا۔
امریکی صدرنے کہاکہ واشنگٹن یورپ میںنہ صرف زیادہ عسکری سازوسامان پہنچاناچاہتا ہے بلکہ خطے میں اپنے اضافی فوجی دستے تعینات کرنے کاارادہ بھی رکھتاہے۔ صدراوباما کے بقول اس مقصد کے لیے تیاریاں جاری ہیں جن پرایک بلین ڈالرتک کی اضافی لاگت آسکتی ہے۔
انھوںنے کہا کہ امریکی کانگریس کی طرف سے نئے مالی وسائل کی منظوری کے بعد واشنگٹن براعظم یورپ میں اتحادی ملکوں کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں اور اتحادی دستوں کے تربیتی پروگراموں کے لیے زیادہ رقوم مہیا کرسکے گا۔ امریکی صدرکے موجودہ دورہ یورپ کاایک پس منظر یوکرین کا بحران اور یوکرین میں روس کے جارحانہ اقدام بھی ہیں اوباما آج یوکرین کے نو منتخب صدر پیتر وپوروشینکو کے ساتھ پہلی بالمشافہ ملاقات بھی کریں گے۔