اسلام آ باد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے پہلے خطاب کیلیے تیاریاں شروع ہو گئیں۔ وزارت پارلیمانی امور نے ایوان صدر کو خطاب کیلیے 2 سے 5 جون کے درمیان کا وقت تجویز کر دیا۔ بدھ کو وزارت پارلیمانی امور کے ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے دوسرے پارلیمانی سال کے آغاز پر صدر ممنون حسین کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیلیے تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں جو کہ بطور صدران کا پہلا خطاب ہو گا۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا بجٹ سیشن جون کے دوسرے ہفتے میں طلب کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری 5 سال تک مسلسل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرکے ملکی پارلیمانی تاریخ کا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔