اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر زرداری سے وزیر اعظم کی ایوان صدر میں ملاقات ہوئی، صدر مملکت کا کہنا ہے کہ کراچی میں فوج کو نہ بلانا خوش آئند اقدام ہے۔ صدر آصف زرداری سے وزیراعظم نواز شریف نے ملاقات کی ہے۔ ایوان صدرمیں ہونے والی ملاقات میں کراچی میں امن کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کراچی سے متعلق وزیراعظم کے فیصلوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کراچی میں امن کیلئے فوج کو نہ بلانے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔ ملاقات میں ملکی مسائل کو حل کرنے کیلئے مل کر چلنے، جمہوریت اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کیلئے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
واضح رہے وزیراعظم نواز شریف آج صدر آصف علی زرداری کو الوداعی ظہرانہ دیں گے۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر امین فہیم، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور دیگر پی پی رہنماں کو بھی دعوت نامہ جاری کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم نے بھی ظہرانے میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے تاہم تحریک انصاف دعوت میں شریک نہیں ہو گی۔