اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین سے آسٹریا کے سبکدوش ہونے والے سفیر ایگزل ویچ نے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آسٹریا کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔
صدر مملکت نے آسٹریا کے ساتھ پاکستان کی طویل مدتی تجارتی اور اقتصادی پارٹنر شپ کو سراہا۔ صدر پاکستان نے مزید کہا کہ پاکستان دونوں ملکوں کے عوام کے باہمی فائدے کے لئے مختلف شعبوں میں آسٹریا کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔
صدر مملکت نے توانائی کے شعبے خصوصاً اندرون سندھ، بالخصوص ساون اور کندن واری گیس فیلڈ میں آسٹریا کی تیل اور گیس کی کمپنی کی طرف سے مثبت کردار کو سراہا۔ صدر نے پاکستان کے مختلف ہائیڈرو پاور اور متبادل توانائی کے منصوبوں میں آسٹرین کمپنیوں کی بڑی تعداد کی شرکت کو سراہا۔
صدر مملکت نے کہا کہ آسٹریا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تیل، گیس اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنی چاہئے۔ صدر مملکت نے پاکستان اور آسٹریا کو قریب تر لانے کیلئے سبکدوش ہونے والے سفیر کی خدمات کو سراہا۔
صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والے سفیر ایگزل ویچ کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔