لیہ ( نامہ نگار) صدر انجمن تاجران اور ایس ڈی او ذکاء اللہ کے درمیان جنگ کا ڈراپ سین۔ صدر انجمن تاجران لیہ واحد بخش باروی اور ایپکا صدر رانا افضل کی کوششیں رنگ لائیں۔ دونوں فریقین کے درمیان اے سی آفس میں صلح کروا دی گئی۔ صدر انجمن تاجران حاجی مختار حسین اور الطاف حسین نے ٹی ایم اے آفس میں توڑ پھوڑ کرنے اور ادرے کا تقدس پامال کرنے پر اے سی کروڑ تنویر یزدان سے معافی مانگ لی۔
تفصیل کے مطابق گزشتہ کئی روز سے جاری صدر انجمن تاجران حاجی مختار حسین اور ایس ڈی او ذکاء اللہ کے درمیان جنگ اختتام پذیر ہو گئی۔ ٹی ایم اے کی جانب سے دی گئی درخواست میں صدر انجمن تاجران سمیت 70 افراد کے خلاف ادارے کا تقدس پامال کرنے اور سرکای کام میں مداخلت کا الزام لگایا تھا جس کے خوف سے صدر انجمن تاجران کروڑ حاجی مختار حسین اور صدر انجمن تاجران لیہ واحد بخش باروی نے ضلع بھر کی تاجر تنظیموں کا اجلاس طلب کر کے دھمکی دی تھی کہ تین یوم کے اندر ایس ڈی او ذکاء اللہ کو ضلع بدر نہ کیا گیا تو انجمن تاجران شٹر ڈائون ہڑتال کی کال دے گی۔
لیکن تین دن گزرنے کے بعد کچھ نہ ہوا اور چھٹے دن صدر انجمن تاجران لیہ واحد بخش باروی اور ایپکا ضلعی صدر رانا محمد افضل کی کوشش سے اے آفس کروڑ میں دونوں فریقین کے درمیان صلح کروا دی گئی۔ ادارے کا تقدس پامال کرنے پر صدر انجمن تاجران کروڑ حاجی مختار حسین ، ساجد مختار اور الطاف حسین نے اے آفس میں اسسٹنٹ کمشنر تنویر یزدان سے معافی مانگ لی۔ اس موقع پر ٹی ایم او ملک آصف بھڈوال ، جاوید بھڈوال ، ملک مختار حسین کھوکھر ، ملک دستگیر ، ڈاکٹر احسان الٰہی جنرل سیکریٹری انجمن تاجران سمیت دیگر افراد موجود تھے۔